سعودی کلب النصر میں منتقل ہونے والے پرتگیز فٹبال سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو سعودی عرب میں ہوٹل کے ایک ایسے سوٹ (Suite) میں مقیم ہیں جو 17 کمروں پر مشتمل ہے اور اس کا ماہانہ کرایہ 3 لاکھ ڈالرز (7 کروڑ پاکستانی روپے کے قریب) ہوگا۔
جنوری کے آغاز میں 21 کروڑ 30 ڈالرز معاوضے کے عوض النصر کلب کا حصہ بننے کے لیے سعودی عرب آنے والے کرسٹیانو رونالڈو کی رہائش گاہ بھی بہت زیادہ پرتعیش ہے۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو عارضی طور پر سعودی دارالحکومت ریاض کے فور سیزنز ہوٹل کے سوٹ میں مقیم ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ ہوٹل سعودی عرب کی چند بڑی عمارتوں میں سے ایک کنگڈم ٹاور میں واقع ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو کے لیے ہوٹل کے کنگڈم سوٹ کو ایک ماہ کے لیے بک کرایا گیا ہے اور یہ اتنا خاص ہے کہ ہوٹل کی ویب سائٹ میں اس کا کرایہ تک درج نہیں۔
ہوٹل کے مطابق کنگڈم سوٹ مہمانوں کو ریاض کا کبھی نہ بھولنے والا نظارہ فراہم کرتا ہے، یہ سوٹ ہوٹل کی 48 سے 50 ویں منزلوں پر مبنی ہے، جس میں ایک لیونگ روم، ایک پرائیویٹ آفس، کھانے کا کمرہ اور ایک میڈیا روم موجود ہے۔
ہوٹل کی جانب سے فٹبالر کو چین، جاپان، بھارت اور مشرق وسطیٰ کے بہترین پکوان فراہم کیے جائیں گے جبکہ ان کی حیثیت کو دیکھتے ہوئے کھانے کی سروس کمرے کے اندر دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق ہوٹل کے عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کرسٹیانو رونالڈو سے سیلفیز کی درخواست مت کریں۔
یہاں پرتگیز فٹبالر اپنی پارٹنر جارجینا روڈریگیز اور 5 بچوں کے ساتھ مقیم ہیں۔
ہوٹل کے اس سوٹ نے کرسٹیانو رونالڈو کی پارٹنر جارجینا روڈریگیز کو بہت زیادہ خوش کیا ہے۔
یہ ہوٹل ایک شاپنگ مال میں واقع ہے جہاں پرتعیش دکانیں موجود ہیں جبکہ ٹینس کورٹس، مساج ٹریٹمنٹ اور اسٹیم روم جیسی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔
اگرچہ فٹبالر اور ان کا خاندان وہاں پرتعیش انداز سے قیام کرے گا مگر کرسٹیانو رونالڈو رہائش کے لیے مستقل جگہ کو بھی تلاش کررہے ہیں۔
النصر کلب میں شمولیت کے موقع کرسٹیانو رونالڈو نے کہا تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ منتقل ہونے پر پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'مجھے اپنی زندگی کے اس بڑے فیصلے پر بہت زیادہ فخر ہے، یورپ میں میرا کام مکمل ہوچکا ہے اور وہاں میں سب کچھ جیت چکا ہوں اور تمام اہم یورپی کلبز کے لیے کھیل چکا ہے، اب یہ ایک نیا چیلنج ہے'۔