کلمہ پڑھ کر نکاح کرنے اور 'فاطمہ' نام رکھنے پر راکھی کے بھائی کا ردعمل آگیا

 بھارتی اداکارہ و رقاصہ راکھی ساونت کے کلمہ پڑھ کر نکاح کرنے ، فاطمہ نام رکھنے اور عادل درانی سے شادی کرنے پر ان کے بھائی راکیش کا ردعمل سامنے آگیا۔



حال ہی میں راکھی نے عادل خان سے شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو حیران کردیا تھا، تصاویر میں راکھی اور عادل خان کو پھولوں کی مالا جب کہ نکاح کی ویڈیو میں راکھی کو کلمہ پڑھ کر نکاح قبول کرتے دیکھا گیا۔

راکھی اور عادل کے نکاح نامے پر اداکارہ کے نام کے ہمراہ 'فاطمہ' لکھا ہے جس کے بعد راکھی نے بھی اپنا نام تبدیل کرنے سے متعلق خبریں سوشل میڈیا پر شیئر کیں جس سے ان خبروں کی صداقت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

اب اداکارہ کے بھائی راکیش نے اس حوالے سے خاموشی توڑی ہے۔

راکیش نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا 'مجھے اس کے اسلام قبول کرنے اور نام تبدیل کرنے سے متعلق علم نہیں، یہ شوہر اور بیوی کی آپسی باتیں ہیں'۔

راکیش نے کہا 'اگر راکھی نے ایسا کیا بھی ہے تو بہت سوچ سمجھ کر کیا ہوگا، اس نے اپنے حساب سے یہ قدم اٹھایا ہوگا، ہم سب اس وقت ٹینشن میں ہیں، راکھی گھر میں سب سے چھوٹی ہے اور پوری زندگی اس نے بہت دکھ دیکھے ہیں'۔

اداکارہ کے بھائی نے کہا 'بگ باس میں رتیش (پہلے شوہر) نے راکھی کو استعمال کرنے کی کوشش کی جس سے راکھی کو افسوس ہوا، اسی لیے راکھی نے اب مکمل طور پر شادی کی ہے'۔

دوسری جانب راکھی کے شوہر عادل درانی نے نکاح کی تمام ویڈیوز اور تصاویر کو جعلی قرار دیتے ہوئے راکھی سے نکاح کا انکار بھی کردیا۔

اس حوالے سے راکھی کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہے جس میں وہ اشک بار ہیں اور دہائی دے رہی ہیں کہ میری سمجھ سے باہر ہے کہ اپنی ماں کو سنبھالوں جو اسپتال میں ہیں، یا عادل کا انکار کرنا دیکھوں۔

Previous Post Next Post