’پٹھان‘ دو دن میں سوا 2 ارب روپے کمانے والی پہلی بالی و وڈ فلم

 انتہاپسند ہندوؤں کے تنازعات اور احتجاج کے باوجود بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ ریلیز کے دو دن کے اندر تقریبا سوا دو ارب روپے کمانے والی پہلی بولی وڈ فلم بن گئی۔



’پٹھان‘ کو 25 جنوری کو بھارت سمیت دنیا بھر کی 8 ہزار سینما اسکرینز میں ریلیز کیا گیا تھا۔


پچیس جنوری کا آغاز ہوتے ہی بھارت میں فلم کا پہلا شو رات دیر گئے دکھایا گیا تھا اور ہندوستان بھر میں فلم کو دیکھنے کے لیے سینماؤں کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں۔

فلمی مبصرین کا خیال تھا کہ ’پٹھان‘ ریلیز کے پہلے دن زیادہ سے زیادہ 35 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوجائے گی، تاہم فلم نے پہلے ہی دن 100 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرکے نئے ریکارڈز اپنے نام کیے تھے۔


’پٹھان‘ نے ریلیز کے دوسرے دن پہلے دن سے بھی زیادہ کمائی کی اور مجموعی طور پر صرف دو دن میں فلم کی کمائی 220 کروڑ یعنی تقریبا سوا دو ارب روپے تک جا پہنچی۔


’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق فلم نے پہلے دن 105 کروڑ روپے جب کہ دوسرے دن اس سے بھی زیادہ 115 کروڑ روپے کی کمائی کی۔


’ُپٹھان‘ کے ہندی ورژن نے دنیا بھر سے مجموعی طور پر 2015 کروڑ روپے جب کہ تامل اور تیلگو ورژنز نے بھی 5 کروڑ روپے تک کمائے، یوں فلم کی دو دن کی کمائی دو ارب 20 کروڑ روپے تک جا پہنچی۔


اسی حوالے سے ’نئی دہلی ٹیلی وژن‘ (این ڈی ٹی وی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’ُپٹھان‘ دو دن میں 220 کروڑ روپے کمائی کرنے والی اب تک کی پہلی بولی وڈ فلم بن گئی۔

فلم کی ریکارڈ توڑ کمائی کو بھارتی سینما کا نیا دور قرار دیا جا رہا ہے اور ساتھ ہی اسے شاہ رخ خان کی بولی وڈ میں شاندار واپسی بھی کہا جا رہا ہے۔


’پٹھان‘ ریکارڈ کمائی کے ساتھ شاہ رخ خان کی پہلے ہی دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بن گئی تھی، ان کے 30 سالہ کیریئر میں کوئی بھی فلم پہلے دن اتنی کمائی نہیں کر پائی تھی۔


اسی طرح ’پٹھان‘ ریکارڈ کمائی کے ساتھ دپیکا پڈوکون اور جان ابراہم کی بھی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنی تھی۔


خیال رہے کہ ’پٹھان‘ کو اس کے گانے ’بے شرم رنگ‘ کی وجہ سے تنقید کا سامنا تھا اور انتہاپسند ہندوؤں نے شاہ رخ خان کو زندہ جلانے کی دھمکی بھی دے رکھی تھی جب کہ فلم کو کسی بھی صورت میں ریلیز نہ کرنے دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔


انتہاپسند ہندوؤں کے مطابق ’بے شرم رنگ‘ میں دپیکا پڈوکون کو ہندوؤں کے لیے مقدس سمجھے جانے والے زعفرانی رنگ کا لباس پہنا کر ان سے نیم عریاں رقص کروایا گیا۔

Previous Post Next Post