بالی وڈ کے کنگ خان نے اپنا سگنیچر پوز سابق انگلش فٹبالر وین رونی سے بھی کروا دیا۔
شاہ رخ خان ان دنوں 25 جنوری 2023 کو ریلیز ہونے والی اپنی فلم 'پٹھان' کی تشہیر میں مصروف ہیں، اسی حوالے سے انہوں نے ارجنٹینا اور فرانس کے درمیان ہونے والے فائنل سے قبل ایک پروگرام میں شرکت کی۔
اس پروگرام میں بالی وڈ اداکار کے ہمراہ سابق اسٹار فٹبالر وین رونی بھی شریک ہوئے۔
پروگرام میں دونوں نے ایک دوسرے سے دلچسپ سوالات پوچھے، رونی نے شاہ رخ سے سوال کیا 'بالی وڈ اداکار اتنے جوان کیسے نظر آتے ہیں؟'
جواب میں شاہ رخ نے ہنستے ہوئے سوال کیا 'فٹبالر اتنے جوان کیسے ہوتے ہیں؟ جیسے ارجنٹینا کے لیونل میسی ہیں'، ساتھ ہی بالی وڈ اسٹار نے میسی کی تعریف کی اور بتایا کہ وہ ان کے پسندیدہ فٹبالر ہیں۔
بعدازاں شاہ رخ نے وین رونی کو اپنا پوز کرکے دکھایا جسے انگلش فٹبالر نے بخوبی کیا۔