سشانت کیس: مردہ خانے کے ملازم کے بعد اداکار کی بہن کا بیان آگیا

 گزشتہ روز بالی وڈ کے آنجہانی اداکار  سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے حوالے سے مردہ خانے کے ملازم نے تہلکہ خیز انکشاف کیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ اداکار کی لاش پر فریکچر کے نشان تھے جسے دیکھ کر کوئی بھی بتاسکتا تھا کہ ان کا قتل کیا گیا ہے۔



بھارتی خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے ممبئی کے کوپر اسپتال کے مردہ خانے میں کام کرنے والے روپ کمار شاہ نے کہا کہ ’جب میں نے سشانت سنگھ راجپوت کی لاش دیکھی مجھے یہ خود کشی کا معاملہ نہیں لگا، مجھے 28 سال سے زائد کا تجربہ ہے، سشانت کے جسم پر زخموں کے نشانات تھے، میں اپنے سینئر کے پاس گیا اور انہیں یہ سب بتایا لیکن انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے پر بعد میں بات کریں گے'۔



انہوں نے کہا کہ ’میں 28 سال سے لاشیں دیکھ رہا ہوں، سشانت کے جسم پر ایسا کوئی نشان نہیں تھا جو عام طور پر پھندا لگاکر خودکشی کرنے والے کے جسم پر ہوتا ہے، اس کے جسم پر فریکچرز کے نشانات تھے، پوسٹ مارٹم میں کیا لکھنا ہے یہ تو ڈاکٹر کا کام ہے، سشانت کو انصاف ملنا چاہیے، سشانت کو قتل کیا گیا ہے'۔


اب اداکار کی بہن کریتی شویتا سنگھ کیرتی نے اس خبر پر ردعمل دیا اور انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی۔


انہوں نے لکھا کہ اگر اس دعوے میں کوئی بھی صداقت ہے تو ہم سی بی آئی سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ واقعی اس معاملے کی جانچ کرے، ہمیں ہمیشہ یقین رہا ہے کہ اس کیس کی شفاف تحقیقات کیے جانے کے بعد ہمیں حقیقت سے آگاہ کیا جائے گا۔

شویتا نے لکھا کہ ہمارے دل اب تک دکھی ہیں کیونکہ معاملہ حتمی مراحل تک نہیں پہنچا ہے۔


خیال رہے کہ 14 جون 2020 کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے سشانت  کی موت کے معاملے پر سی بی آئی سے تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔


بعد ازاں سشانت کے گھر والوں نے ان کی دوست ریا چکرورتی کو اداکارکی خودکشی کی وجہ قرار دیا تھا اور ان کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کرایا تھا جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا تھا۔


سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو دینے کا حکم دیاتھا تاہم اب تک تحقیقات میں موت کی ٹھوس وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔

Previous Post Next Post