شاہ رخ اور سلمان کے ساتھ کام کرنا بہترین تجربہ ہے، نواز الدین صدیقی

 ممبئی: بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نواز الدین صدیقی نے کہا کہ سپر اسٹار شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ کام کرکے ان کو بہت مزہ آتا ہے۔



نواز الدین صدیقی ان اداکاروں میں شامل ہیں جنہیں بالی ووڈ کےدونوں بڑے خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان کے ساتھ کام کا تجربہ ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں نواز الدین صدیقی نے بتایا کہ جہاں ریہرسل میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا بہت اچھا لگتا ہے، وہیں سلمان خان بہت فیاض آدمی ہیں۔

فلم ’گینگ آف واسع پور پارٹ ٹو‘ سے شہرت حاصل کرنے والے نواز الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کی خاص بات یہی ہے کہ ہم بہت زیادہ ریہرسل کرتے تھے، یہاں تک کہ جب ٹیم یہ سمجھتی تھی کہ کسی خاص شوٹ کو پھر سے کیا جائے تو ہم اسے دوبارہ شوٹ کرتے۔


اداکار کے مطابق سلمان خان بہت فیاض اور کھلے دل کے آدمی ہیں، ان کی فیاضی کا یہ عالم ہوتا ہے کہ وہ اپنے بہترین ڈائیلاگ بھی آپ کو دے دیتے ہیں، مجھے بھائی کے ساتھ کام کرکے بہت مزہ آتا ہے۔


واضح رہے کہ نوازالدین صدیقی نے شاہ رخ کے ساتھ 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ’رئیس‘ میں اور سلمان خان کے ساتھ 2014 کی فلم ’کک‘ اور 2015 کی ’بجرنگی بھائی جان‘ میں کام کیا۔

Previous Post Next Post