یروشلم: اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں کارروائی کے دوران 23 سالہ فلسطینی فٹبالر کو شہید جبکہ پانچ شہریوں کو زخمی کردیا۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جمعرات کو علی الصباح فلسطینی حکومت کے زیر انتظام شہر نابلس میں کارروائی کے دوران فلسطینی نوجوانوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 23 سالہ فٹبالر احمد دراغامے موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے پانچ فلسطینی نوجوان زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
شہید ہونے والے نوجوان فلسطینی فٹبالر کا تعلق ’’توباس‘‘ قصبے سے تھا اور وہ ویسٹ بینک پریمیئر لیگ کلب کا حصہ تھے۔ حال ہی میں ہونے والی لیگ میں وہ 6 گولز کے ساتھ لیگ کے بہترین کھلاڑی بھیقرار پائے تھے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے نوجوان فٹبالر کی شہادت پر انوکھی وضاحت پیش کرتے ہوئے پہلے تو کسی بھی اہلکار کی جانب سے فائرنگ کی تردید کی پھر شواہد سامنے آنے کے بعد کہا کہ جن لوگوں نے اہلکاروں کی جانب دھماکا خیز مواد پھینکا انہیں منتشر کرنے کیلیے فائرنگ کی گئی تھی۔
الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی گروپ حماس کے ترجمان نے بتایا کہ دراغمہ ہمارا حصہ اور وہ اسرائیلی فوج کے خلاف نبردآزما تھے۔