ناشتے میں اس غذا کا استعمال موٹاپے سے بچاتاہے

 ناشتے کو دن کی سب سے اہم غذا کہا جاتا ہے اور موٹاپے سے نجات کی حد تک تو واقعی یہ خیال درست ثابت ہوسکتا ہے۔


یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔



تحقیق میں بتایا گیا کہ ناشتے میں پروٹین سے بھرپور غذا کا استعمال موٹاپے سے نجات دلانے یا اس کا شکار ہونے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

اس تحقیق میں 9341 افراد کو شامل کیا گیا اور ان کی غذائی عادات اور جسمانی سرگرمیوں کا جائزہ مئی 2011 سے جون 2012 تک لیا گیا۔


محققین نے دریافت کیا کہ ناشتے میں پروٹین کی کم مقدار کا استعمال کرنے والے افراد دن بھر میں زیادہ کیلوریز جسم کا حصہ بنالیتے ہیں۔


اس کے مقابلے میں ناشتے میں زیادہ پروٹین کا استعمال کرنے والے افراد دن بھر میں اضافی کیلوریز جزوبدن نہیں بناتے۔


تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ناشتے میں پروٹین کی کم مقدار استعمال کرنے والے افراد دن بھر میں چربی، شکر اور نمک سے بھرپور غذا (جنک فوڈ) کا زیادہ استعمال کرتے ہیں جس سے جسمانی وزن میں اضافہ ہوتا ہے۔


اسی طرح ایسے افراد صحت بخش غذاؤں جیسے اناج، سبزیوں، دالوں، پھلوں اور دیگر کا کم استعمال کرتے ہیں جس سے بھی موٹاپے کا خطرہ بڑھتا ہے یا جسمانی وزن میں کمی لانا ممکن نہیں ہوتا۔


محققین نے بتایا کہ لوگوں کو پروٹین کی زیادہ مقدار کا استعمال کرنا چاہیے خاص طور پر دن کا آغاز اس غذائی جز سے بھرپور خوراک سے کرنا چاہیے۔


پروٹین سے بھرپور ناشتے کے لیے انڈوں اور دہی کا استعمال مفید ثابت ہوسکتا ہے۔


پروٹین سے بھرپور غذاؤں سے پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ دیر تک برقرار رہتا ہے جس سے بسیار خوری سے بچنا آسان ہوجاتا ہے۔


اس تحقیق کے نتائج جرنل Obesity میں شائع ہوئے۔

Previous Post Next Post