رنبیر کی مولا جٹ کی کامیابی پر مبارکباد، پاکستانی اداکاروں کیساتھ کام کرنے پر بھی آمادہ

 بالی وڈ اداکار رنبیر کپور نے پاکستانی فلم انڈسٹری کو سپر ہٹ فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی شاندار کامیابی کے لیے مبارکباد پیش کی ہے۔



رنبیر کپور سمیت شاہ رخ خان، کاجول، سونم کپور  و دیگر نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں شرکت کی، یکم دسمبر سے شروع ہونے والا  فیسٹول 10 دسمبر کو اختتام پزیر ہوا۔


سعودی عرب میں موجود رنبیر کا میڈیا اور مداحوں کے ساتھ براہ راست سوال و جواب کا ایک سیشن ہوا جس میں ایک مداح نے اداکار سے سوال کیا کہ کیا وہ مستقبل میں پاکستانی اداکاروں اور فلمسازوں کے ساتھ کام کریں گے؟

جواب میں رنبیر نے کہا 'فن کسی بارڈر کا محتاج نہیں، میں ضرور پاکستانی فلمساز اور اداکاروں کے ساتھ کام کروں گا، بلکہ میں پاکستانی فلم انڈسٹری کو مولا جٹ کی بڑی کامیابی کے لیے مبارکباد دیتا ہوں'۔


اس کے علاوہ رنبیر نے پاکستانی اسٹار گلوکار عاطف اسلم کی بھی خوب تعریف کی، انہوں نے کہا 'میں عاطف کی آواز کا مداح ہوں، جب وہ گاتا ہے تو لگتا ہے حقیقتاً ایک ہیرو گا رہا ہے'۔

Previous Post Next Post