قاہرہ: مصر میں پیش آنے والے ایک لرزہ خیز واقعے میں بدبخت بیٹی نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر ماں کو بیدردی سے قتل کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر کے نواحی علاقے میں ماں کسی ضروری کام سے واپس گھر لوٹی تو اپنی بیٹی کو کم عمر پڑوسی لڑکے کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں دیکھا۔
ماں کے غصہ کرنے پر بدبخت بیٹی نے اپنی فحش حرکت پر نادم ہونے کے بجائے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آشنا کے ساتھ مل کر اپنی ماں کو مارا پیٹا۔ لڑکے نے کہا کہ بڈھی عورت تم نے ہمارا وقت برباد کیا۔ اب کلمہ پڑھ لو۔
ماں کے کلمہ پڑھتے ہی بیٹی کے آشنا نے بھاری آلے سے ایک کاری ضرب لگا کر ماں کو قتل کردیا۔ اس کے بعد بیٹی نے لاش بیگ میں چھپا دی اور قتل کے الزام سے بچنے کی ترکیب سوچنے لگی۔
پھر سفاک بیٹی نے اپنی ماں کی لاش پر کھولتا ہوا پانی ڈالا تاکہ بہانہ کرسکے کہ موت کھولتا ہوا پانی گرنے سے ہوئی تاہم پولیس کو شک ہوا اور لاش کا پوسٹ مارٹم کروایا گیا۔
پوسٹ مارٹم میں تصدیق ہوگئی کہ موت کھولتے ہوا پانی گرنے سے نہیں بلکہ سر پر کسی بھاری چیز کی ضرب لگنے سے ہوئی ہے جس پر بیٹی کو حراست میں لیا گیا جس نے اعترافی بیان میں ساری کہانی بیان کردی۔
پولیس نے آشنا کو بھی گرفتار کرلیا اور دونوں کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا۔