بھارتی فوج کا ٹرک پہاڑ سے نیچے آگرا، 3افسران سمیت 16 فوجی ہلاک

 بھارتی فوج کا ٹرک پہاڑ سے نیچے آگرا جس کے نتیجے میں تین افسران سمیت 16 اہلکار ہلاک ہوگئے۔



بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ ریاست سکم کے شمالی علاقے میں پیش آیا جہاں زیما کے علاقے میں بھارتی فوج کا ایک ٹرک پہاڑی سڑک سے نیچے آگرا جس میں اب تک 16 فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔


بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ بھارتی فوج کی تین گاڑیوں کا قافلہ جمعہ کے روز صبح کے اوقات میں تھانگو کی طرف روانہ ہورہا تھا کہ اس دوران قافلے میں شامل ایک ٹرک بے قابو ہوگیا اور پہاڑی سڑک سے نیچے آگرا۔


بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد علاقے میں فوری ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور ٹرک سے 4 فوجیوں کو زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔


بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ حادثے میں تین جونیئر کمیشنڈ آفیسر اور 13 سپاہی جان سے گئے۔

Previous Post Next Post