ملتان ٹیسٹ کا پہلا روز: انگلش ٹیم 281 پرڈھیر، پاکستان نے 2 وکٹ پر 107 رنز بنالیے

 ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 16 سال بعد کھیلے جانے والی ٹیسٹ کرکٹ کے پہلے روز   انگلینڈ کی پوری ٹیم  281 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جبکہ پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنزبنالیے ہیں۔



3 ٹیسٹ میچز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلینڈ نےپاکستان کے خلاف  ٹاس جیت کر  پہلےبیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پاکستانی بولرز کے  آگے انگلینڈ بیٹرز  دوسرے سیشن سے قبل ہی ڈھیر ہوگئے، دوسرا سیشن ختم ہونے سے قبل ہی انگلینڈ ٹیم کے سارے  کھلاڑی 51 اوورز اور 4 گیندیں کھیل کر  281 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔


 انگلینڈ کے خلاف اسپن بولر  ابرار احمد نے  عمدہ بولنگ کرتے ہوئے  انگلینڈ کی 7  جبکہ زاہد محمود نے 3  وکٹیں لیں۔


میچ میں انگلش کھلاڑیوں زیک کرالی اور بین ڈکٹ نے اوپننگ کی لیکن دونوں کی پارٹنر شپ 9 اوورز  بھی مکمل نہ کرسکی،  ابرار احمد نے اپنے پہلے اوور میں ہی  زیک کرالی کو  19 رنز  کے ساتھ بولڈ کردیا جس کے بعد ابرار نے 19 ویں اوور میں بین ڈکٹ کی وکٹ لیتے ہوئے انگلینڈ کی اہم شراکت بھی توڑ ڈالی۔


اسپنر ابرار  نے ہی  بین ڈکٹ کو 63 ، جوروٹ کو  8 رنز ، اولی پوپ کو 60، ہیری بروک کو صرف 9، کپتان بین اسٹوکس کو 30  اور ول جیکس کو 31 رنز پر  پویلین کی راہ دکھائی۔


ابرار کی 7 وکٹوں کے بعد  انگلش ٹیم کی تینوں  وکٹیں زاہد محمود کے حصے میں آئیں،  زاہد محمود نے  اولی رابنسن کو صرف 5 جبکہ جیک لیچ کو پہلی ہی گیند پر پویلین بھیج دیا اس کے بعد انگلش کھلاڑی  جیمز اینڈریسن 7 رنز پر بھی زاہد  محمود کی گیند پر ہی بولڈ ہوگئے۔


پاکستان کی اننگز

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 5 رنز پر امام الحق بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔


عبداللہ شفیق بھی 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر  107 رنزبنالیے ہیں اور انگلینڈ کو 174 رنز کی برتری حاصل ہے۔


بابر اعظم 61 اور سعود شکیل 32 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔


انگلش ٹیم کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور جیک لیچ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


اس سے قبل ٹاس کے موقع پر  کی گئی گفتگو  میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں  فہیم اشرف اور ابرار احمد کی واپسی ہوئی ہے  اور اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی  بیٹنگ ہی کرتے۔

ملتان ٹیسٹ کے پہلے روزکاپہلا سیشن 10 بجےسےساڑھے 12 بجے ، دوسرا سیشن دوپہر ڈیڑھ بجے سے 3 بجے جبکہ تیسرا سیشن 3 بج کر 20 منٹ سے5 بج کر 20 منٹ تک ہو گا۔


 واضح رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کے بعد نسیم شاہ کندھے کی انجری کاشکار ہوگئے ہیں۔

Previous Post Next Post