کراچی میں 14 سالہ لڑکی کا گھر میں زیادتی کے بعد قتل۔ پولیس کے مطابق قتل کے الزام میں گھریلو کام کاج کیلیے آنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
کراچی کے علاقے موسمیات کے قریب سوسائٹی میں گھر سے 14سال کی لڑکی کی لاش ملی۔
پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے بعد قتل کیا گیا۔ ملزم مقتولہ کے باپ کا شناسا ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق لڑکی کی لاش ڈاؤ اسپتال لائی گئی تھی جسے ضابطے کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال بھیج دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ گھر میں اکیلی تھی اور ماں باپ کام پر گئے ہوئے تھے۔
ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق لڑکی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے۔ قتل میں ملوث ملزم عرفان مقتولہ کے والد رحیم کا جاننے والا ہے جسے گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق کچھ دنوں سے ملزم عرفان گھر میں کام کاج کیلئے آرہا تھا، لڑکی کو اکیلے پا کر ملزم نے زیادتی کی اور پھر اسے قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل رپورٹ آنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا، کیس کے حوالے سے مزید معلومات اور شواہد حاصل کیے جارہے ہیں۔