اسلام آباد: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری شہباز شریف سے ملاقات کیلیے وزیراعظم ہاؤس پہنچے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی آمد کے موقع پر شہباز شریف نے آصف علی زرداری کا استقبال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مجموعی ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی مزاج پرسی کی اور اُن کی عیادت بھی کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سابق صدر کی آمد پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملاقات کی ہے، جس میں اہم تعیناتیوں سے متعلق مشاورت ہوئی۔ ملاقات کے موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان بھی موجود تھے۔
خواجہ آصف نے گزشتہ روز بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی، جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ ملاقات کے بعد وزیر دفاع نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات مشاورتی عمل کا حصہ ہے، جس میں اہم قومی امور اور اہم تعیناتیوں سے متعلق گفتگو کی گئی ہے۔