اسلام آباد: وزیر خزانہ نے آرمی چیف کے اہل خانہ کی ٹیکس معلومات افشا ہونے کا سخت
نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق
ڈار نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے اہل خانہ کی ٹیکس معلومات افشا ہونے کا
سخت نوٹس لیتے ہوئے اسے غیرقانونی اقدام قرار دیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق معلومات
کی لیکیج ٹیکس دہندگان کی معلومات کو خفیہ رکھنے کے قانون کی خلاف ورزی ہے، وزیر
خزانہ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق پاشا کو معاملے کی فوری
انکوائری شروع کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ نے
ہدایت کی ہے کہ معاملے میں ملوث لوگوں کا سراغ لگا کر بیس دن میں رپورٹ پیش کی
جائے۔