قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے میچ میں دفاعی چیمپئن فرانس نے ڈنمارک کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
فرانس پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی اس ٹورنامنٹ کی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ دفاعی چیمپئن نے ڈنمارک کو 1-2 سے شکست دی۔ فرانس کے دونوں گول امباپے نے اسکور کیے۔
امباپے کے ان دو گولز کے بعد ان کے ورلڈکپ کیریئر میں گولز کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ انہوں نے میسی کے 7 گولز کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔
اسی ورلڈ کپ میں کرسٹیانو رونالڈو نے گول کرکے میسی کو پیچھے چھوڑا تھا، ان کے ورلڈکپ گولز کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ گولز کرنے کا اعزاز جرمنی کے فٹبالر میروسلاف کلوزے کے پاس ہے جنہوں نے 24 میچز میں 16 گولز کر رکھے ہیں۔
اس کے بعد برازیل کے رونالڈو (15 گولز)، جرمنی کے گرڈ مُلر (14) گولز کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
دور حاضر میں کھیلنے والے فٹبالرز میں سب سے زیادہ گولز جرمنی کے تھامس مُلر کے ہیں جنہوں نے ورلڈکپ میں 10 گولز کر رکھے ہیں۔ اس کے بعد رونالڈو اور پھر میسی اور امباپے کا نمبر ہے۔