بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن بھارت کے ان اداکاروں میں ہیں جنہیں ان کے مداح پوجتے ہیں اور ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہوجاتے ہیں۔
ممبئی کے علاقے جوہو میں امیتابھ بچن کا گھر ’جلسہ‘ واقع ہے جہاں وہ ہر اتوار کو اپنے مداحوں کو اپنا دیدار کرواتے ہیں، امیتابھ کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے ہزاروں افراد وہاں موجود ہوتے ہیں۔
اس اتوار کو بھی امیتابھ بچن ’جلسہ’ کے باہر اپنے چاہنے والوں سے ملاقات کیلئے آئے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاہم ایک کم سن بچہ سکیورٹی حصار توڑ کر امیتابھ بچن کے قدموں میں آگرا۔
اس حوالے سے سارا ماجرا خود امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں بتادیا۔ بِگ بی نے بچے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’اور آج یہ ہمارا ننھا ساتھی ، جس نے 4 سال کی عمر میں ڈان دیکھی اور اس کا دل وہیں اٹک گیا، اس کے ڈائیلاگس یاد کیے، میری اداکاری کو کاپی کیا اور اندور سے مجھ سے ملنے چل پڑا، طویل عرصے بعد ملاقات کی خواہش پوری ہونے پر اس کی آنکھوں میں آنسو تھے اور وہ میرے قدموں میں آگرا تھا۔‘
امیتابھ نے مزید لکھا کہ ’میں نے اسے دلاسہ دیا کیوں کہ وہ سکیورٹی حصار توڑ کر بھاگتا ہوا میرے پاس آگیا تھا، اس نے میری جو پینٹنگز بنائی تھیں اس پر اپنا آٹوگراف دیا، اس کے والد نے میرے لیے ایک خط بھیجا تھا وہ بھی میں نے پڑا، یہ ہیں میرے چاہنے والوں کے جذبات جو مجھے یہ سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ کیا، کیسے ، کب اور کیوں ۔۔ میں!‘
خیال رہے کہ امیتابھ بچن کی حال ہی میں فلم اونچائی ریلیز ہوئی ہے جو چار دوستوں کی کہانی ہے اور اس کا مرکزی خیال ایک دوست کی خواہش پوری کرنے کی خاطر ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا چیلنج لینا ہے۔