ول اسمتھ نے آسکر تقریب میں تھپڑ مارنے کی وجہ ظاہر کردی

ہالی وڈ اداکار ول اسمتھ نے مارچ میں آسکر ایوارڈز کی تقریب کے دوران اسٹیج پر کامیڈین کرس راک کو تھپڑ مار ا تھا اور بعد میں معذرت بھی کی تھی۔


مگر اب پہلی بار انہوں نے تھپڑ مارنے کی وجہ بیان کی ہے۔



آسکر ایوارڈز کے اس واقعے کے بعد پہلے ٹی وی انٹرویو میں ول اسمتھ نے بتایا کہ آخر کس چیز نے انہیں کرس راک کو تھپڑ مارنے پر مجبور کیا۔

انہوں نے کہا کہ 'جیسا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ وہ ایک خوفناک رات تھی، متعدد پیچیدگیاں اور پہلو اس رات میں چھپے ہیں مگر اس دن کے اختتام پر مجھے ہی شکست ہوئی تھی'۔


انہوں نے کہا کہ 'یقیناً میں اپنے رویے کو درست قرار نہیں دے سکتا ، مگر اس وقت میرے اندر بہت کچھ ہوا تھا۔ وہ ایک چھوٹا بچہ تھا جو اپنے باپ کو ماں پر تشدد کرتے دیکھتا تھا، اس لمحے غصے کا وہ غبارہ پھٹ گیا اور میں وہ بن گیا جو میں نہیں بننا چاہتا تھا'۔


ان کا کہنا تھا کہ 'یہ وہ غصہ تھا جو بہت عرصے سے میرے اندر جمع ہورہا تھا'۔


انٹرویو کے دوران ول اسمتھ نے کہا کہ جب وہ اس واقعے کے بعد گھر گئے تو 9 سالہ بھتیجا ان کے انتظار میں جاگ رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ 'میری گود میں بیٹھ کر اس نے آسکر کو تھاما اور کہا کہ آپ نے اس شخص کو کیوں مارا؟ اس وقت مجھے احساس ہوا کہ میں نے کیا کردیا، مجھے اس حد تک نہیں جانا چاہیے تھا'۔


یاد رہے کہ آسکر ایوارڈز کی تقریب کےدوران کرس راک ایوارڈ دینےاسٹیج پرآئے تھے جس دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے ول اسمتھ کی بیوی جاڈا پنکٹ اسمتھ کے سر کے بال جھڑنے کا مذاق اڑایا تھا۔


کامیڈین کے مذاق پر ول اسمتھ اسٹیج پر آئے اورکرس راک کے منہ پر زور دارتھپڑ مارا۔


اس واقعے کے بعد اکیڈمی ایوارڈز نے آسکر تقاریب میں ول اسمتھ کی شرکت پر 10 سال کی پابندی عائد کردی تھی۔


اکیڈمی ایوارڈز کے حکام کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ ہمارے لیے دنیا بھر میں اپنے مہمانوں، ناظرین اور اپنی اکیڈمی فیملی کے لیے ایک مثال قائم کرنے کا ایک موقع تھا تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کرسکے۔


بیان میں کہا گیا کہ ول اسمتھ کے رویے کے جواب میں ہم آج یہ کارروائی کر رہے ہیں جو ہمارے فنکاروں اور مہمانوں کی حفاظت کے مقصد کی طرف ایک قدم ہے۔


اس وقت ول اسمتھ نے کہا تھا کہ 'میں اکیڈمی کے فیصلے کو قبول کرتا ہوں اور اس کا احترام کرتا ہوں'۔


آسکر ایوارڈز کے واقعے کے بعد ول اسمتھ کی پہلی فلم Emancipation  دسمبر کے آغاز پر ریلیز ہورہی ہے جو ایک ہفتہ سنیما میں دکھائی جائے گی جس کے بعد ایپل ٹی وی پلس میں اسٹریم کی جائے گی۔

Previous Post Next Post