چین میں کووڈ 19 کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جبکہ مزید 2 افراد اس بیماری کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل 20 نومبر کو بیجنگ میں کورونا وائرس میں مبتلا 87 سالہ معمر شخص زندگی کی بازی ہارگیا تھا جو مئی 2022 کے بعد کووڈ سے پہلی ہلاکت تھی۔
21 نومبر کو بھی بیجنگ میں مزید 2 مریض کووڈ 19 کا شکار ہوکر چل بسے۔
چائنا نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق 81 سالہ خاتون اور 88 سالہ شخص اس بیماری سے ہلاک ہوئے۔
کمیشن نے بتایا کہ دونوں میں کووڈ کی علامات کی معتدل شدت کی تشخیص ہوئی تھی مگر وہ پہلے سے مختلف امراض کا سامنا کررہے تھے۔
چین میں حالیہ ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کی زیادہ تیزی سے پھیلنے والی نئی اقسام کے باعث کیسز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ 5 روز سے روزانہ 20 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جس کے باعث مختلف ریاستوں میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن کی جانب سے 21 نومبر کو 27 ہزار سے زیادہ نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔
بیجنگ میں 900 جبکہ گوانگزو میں 8 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آئے۔
کیسز میں اضافے کے بعد بیجنگ کے کئی اضلاع میں اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ مزید سخت پابندیوں کے نفاذ کا امکان ہے۔