قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے چوتھے روز گروپ ای کے میچ میں اسپین نے کوسٹاریکا کو آؤٹ کلاس کردیا، حریف کو سات صفر سے مات دے دی۔
دوحا میں کھیلے گئے میچ میں اسپین کی ٹیم کوسٹاریکا پر نہ صرف شروع سے ہی حاوی رہی بلکہ وقفے وقفے سے گیند کو حریف کے جال میں بھی پہنچاتی رہی، اسپینش ٹیم نے اسکورنگ کا آغاز گیارہویں منٹ میں اولمو کے ذریعے کیا۔
دوسرا گول ایسنسیو نے 21 منٹ میں کیا، اگلے دو گول فیرن ٹوریس نے 31 ویں منٹ میں پنالٹی پر اور دوسرا گول دوسرے ہاف کے 54 ویں منٹ میں کیا۔
اس کے بعد نوجوان گیوی نے 74ویں منٹ میں ٹیم کا پانچواں گول اسکور کیا، اسپین کا چھٹاگول سولر نےجبکہ کھیل کے آخری لمحات میں موراٹا نے گیند حریف کے جال میں پہنچا کر ساتواں گول کیا۔
اس سے قبل بدھ کو کھیلے گئے میچ میں ایک اور اپ سیٹ ہوا، ایشین سپر پاور جاپان کی ٹیم نے یورپی ہیوی ویٹ ٹیم جرمنی کو اپ سیٹ شکست دے دی۔
گروپ ای کے اس میچ میں جاپان نے چار بار ورلڈ چیمپئن رہنے والی ٹیم جرمنی کو 1-2 سے ہرایا۔